لائف اسٹائل

میرے بس میں ہو تو بہنوں کو انڈسٹری میں کام نہ کرنے دوں، فیروز خان

مجھے بعض اوقات یہ خیال آتا ہے کہ شوبز اور مذہب میں تصادم ہے، اداکار کا اعتراف

پاکستانی اداکار و ماڈل فیروز خان نے کہا ہے کہ اگر ان کی بہنوں کی ذاتی زندگی پر ان کا بس چلتا یا ان کے کیریئر سے متعلق ان سے پوچھ جاتا تو وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام نہیں کرنے دیتے۔

خیال رہے کہ فیروز خان کی بہنیں حمیمہ اور دعا ملک بھی ان کی طرح پاکستانی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں جب کہ ان کی بڑی بہن حمیمہ ملک تو بولی وڈ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

اگرچہ فیروز خان کی بہنیں اور وہ خود فلم انڈسٹری کا حصہ ہیں، تاہم ان کے والدین اور ان کی اہلیہ کا اس انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ شوبز یا میڈیا سے منسلک لوگ ان کے اہل خانہ کے ان افراد کا شوبز اور میڈیا میں ذکر نہ کریں جن کا شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔

اگر مجھ سے رائے پوچھی جاتی تو بہنوں کو انڈسٹری میں کام کرنے نہ دوں، فیروز خان—فوٹو: فیس بک

نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ کے خصوصی پروگرام ’معصومانہ سوال‘ میں بات کرتے ہوئے فیروز خان نے صرف اپنی بہنوں اور خاندان بلکہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی اور سیاست سے متعلق بھی بات کی۔

فیروز خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر ان کی بہنوں حمیمہ اور دعا ملک کی ذاتی زندگی اور ان کے کیریئر سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق ان کے پاس ہوتا یا ان سے پوچھا جاتا تو وہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرنے نہیں دیتے۔

ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی چوں کہ ان کی بہنوں کی ذاتی زندگی پر ان کا کوئی اختیار نہیں اور وہ شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چاہتی ہیں، اس لیے وہ انہیں منع نہیں کرسکتے۔

پروگرام میں انہوں نے شوبز اور مذہب میں تصادم کے حوالے سے بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ انہیں بعض مرتبہ یہ خیال آتا ہے کہ شوبز اںڈسٹری اور مذہب میں تصادم ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے نصیب میں شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ اس انڈسٹری کا حصہ رہیں گے اور جس دن ان کی قسمت سے متعلق دوسرا فیصلہ ہوگیا تو وہ اسی پر عمل کریں گے۔

انہوں نے ذو معنی جملوں میں کہا کہ کسی کی زندگی اور نصیب پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا اور ان کے بھی نصیب میں جب تک شوبز انڈسٹری میں کام کرنا لکھا ہوا ہے، وہ کرتے رہیں گے۔

پروگرام کے دوران انہوں نے میشا شفیع اور علی ظفر جنسی ہراساں کیس سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ دونوں کو حقائق پر بات کرکے مل بیٹھ کر معاملے کو سلجھانا چاہیے۔

حال ہی میں لکس ایوارڈ میں یاسر حسین کی جانب سے اداکارہ اقراء عزیز کو شادی کی پیش کش کیے جانے کے اسٹائل پر بھی فیروز خان نے بات کی اور ان دونوں کے عمل کو ذاتی قرار دیا۔

فیروز خان نے پروگرام میں ملکی سیاست پر بھی بات کی اور وزیر اعظم عمران خان کی قدرے سخت پالیسیوں سے اتفاق کیا اور ساتھ ہی خواہش ظاہر کی کہ انہیں وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کرنے کی بھرپور خواہش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان کا ایک بیان بہت ہی اچھا لگا جس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ملک کا کینسر عام علاج اور دوائیوں سے ٹھیک نہیں ہوگا۔