حیرت انگیز

سو سال کی عمر میں شادی کے بندھن میں بندھنے والا جوڑا

عمر کی سنچری یعنی سو سال تک زندہ رہنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے مگر اس عمر میں شادی کرنے والا تو کوئی نہیں ہوتا۔

ویسے تو کسی فرد کے لیے عمر کی سنچری یعنی سو سال تک زندہ رہنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے مگر ایسا تو کبھی سننے میں نہیں آتا کہ اس عمر میں کوئی شادی کرلے۔

مگر ایسا ہوا اور امریکا سے تعلق رکھنے والے جان اور فلیس کوک نے اس عمر میں جاکر شادی کی۔

دوسری جنگ عظیم کا حصہ بننے والے جان کی عمر 100 سال ہے جبکہ فلیس کی عمر اگست میں 103 سال ہوجائے گی اور دونوں نے 26 جون کو شادی کی۔

یہ دونوں 26 جون کو عدالت گئے تاکہ شادی کا لائسنس حاصل کرسکیں اور وہاں انہیں معلوم ہوا کہ وہ اسی روز شادی کے بندھن میں بھی بندھ سکتے ہیں۔

اس جوڑے کی ملاقات ایک سال پہلے ہوئی تھی اور اس وقت سے ایک دوسرے کی محبت سے گرفتار تھے۔

ایک انٹرویو کے دوران فلیس نے بتایا 'حقیقت تو یہ ہے کہ ہم ایک دوسری کی محبت میں گرفتار ہوگئے تھے، میں جانتی ہوں کہ آپ سوچ رہے ہوں گے ہماری عمر کے لوگوں کے لیے یہ بہت تاخیر ہے، مگر پھر بھی ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہوگئی'۔

جب یہ پوچھا گیا کہ ان کا تعلق کیسے آگے بڑھا تو جان نے بتایا 'میں اور فلیس ایک دوسرے سے بہت زیادہ مطابقت رکھتے تھے، ہم نے دریافت کیا کہ ایک دوسرے کے ساتھ ہم بہت خوش ہوتے ہیں'۔

فیس بک فوٹو

ویسے تو یہ جوڑا ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہے مگر اپنی ذات کو بھی اہمیت دینے پر یقین رکھتا ہے۔

فلیس نے بتایا 'ہم شادی کے بعد بھی اپنے اپارٹمنٹس کو رکھے ہوئے ہیں، جان اوپر رہتا ہے جبکہ میں نیچے'۔

یہ دونوں اوہائیو کے معمر افراد کے لیے قائم ایک مرکز میں مقیم ہیں اور ایک ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی پسندیدہ سرگرمی کیا ہے تو جان نے شرماتے ہوئے کہا 'میں ممکنہ طور پر اس بارے میں بات کرنا نہیں چاہوں گا'۔