عالمی ورثوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی مقام شامل نہ کیا جا سکا
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونائٹڈ نیشنز ایجوکیشنل، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائیزیشن‘ (یونیسکو) کے 43 ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کے کسی بھی تاریخی مقام کو عالمی ورثے میں شامل نہیں کیا جا سکا۔
یونیسکو کے ہونے والے سالانہ اجلاس میں اس بار مجموعی طور پر 29 نئے مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کی منطوری دی گئی۔
تاریخی مقامات کو عالمی ورثے میں شامل کرنے سے متعلق یونیسکو کا 43 واں اجلاس آذربائیجان کے شہر باکو میں 30 جون سے 10 جولائی تک جاری رہا، جس میں دنیا بھر کے درجنوں مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔
10 روزہ اجلاس میں مجموعی طور پر 29 مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد عالمی فہرست میں شامل مقامات کی تعداد 1121 ہوگئی۔
یونیسکو کے اعلامیے کے مطابق اس عالمی ورثے کی فہرست میں دنیا بھر کے 167 ممالک کے 1121 مقامات شامل ہیں اور اس میں نئے شامل کیے جانے والے مقامات بھی شامل ہیں۔