سوناکشی سنہا پر دھوکا دہی کا مقدمہ درج
دھوکے کا مقدمہ دائر ہونے کے بعد اتر پردیش اور ممبئی کی پولیس نے اداکارہ کے گھر چھاپہ مارا۔
دبنگ گرل سوناکشی سنہا یوں تو آج کل اپنی آنے والی کامیڈی فلم ’خاندانی شفا خانہ‘ کی تشہیر اور ایکشن کامیڈی فلم ’دبنگ تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
تاہم ان کے مداحوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اداکارہ پر ایک بار پھر دھوکا دہی کا مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔
سوناکشی سنہا پر الزام ہے کہ انہوں نے بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک شو میں پرفارمنس کرنا تھی اور انہوں نے اس شو میں پرفارمنس کے لیے آرگنائیزرز سے 24 لاکھ روپے بھی لیے تھے۔
تاہم پیسے لینے کے باوجود اداکارہ نے شو میں پرفارمنس کرنے سے انکار کردیا تھا۔
پیسے لینے کے باوجود شو میں پرفارمنس نہ کرنے کے الزام کے تحت ہی اداکارہ کے خلاف بھارتی ریاست اتر پردیش میں مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔