پاکستان

کوہستان: دریائے سندھ میں گاڑی گرنے سے 12 افراد جاں بحق

بدقسمت خاندان مریض کو لے جارہا تھا کہ ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا، حادثے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔
|

مانسہرہ: اپر کوہستان میں کامیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں گاڑی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق بدقسمت خاندان ایک مریض کو سو سے داسو لے جارہا تھا کہ جب ڈرائیور ایک موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک سے ٹکراتے ہوئے دریا میں جا گری۔

پولیس کے مطابق دریا میں گرنے سے قبل گاڑی زمین پر ٹکرائی تھی۔

مزید پڑھیں: پشاور-اسلام آباد موٹروے پر حادثہ: 11 افراد جاں بحق، 46 زخمی

واقعے کے بعد پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار اور مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو داسو کے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے کالام کے قریب متلتان وادی میں باتن کے مقام پر تودہ گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

ڈان اخبار کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقامی رہائشی بلال کا کہنا تھا کہ ’گھر پر تودہ اس وقت گرا جب بکھت راون کا خاندان سورہا تھا، تودہ گرنے سے گھر کے 7 افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 2 خواتین اور 4 بچے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ بھکت راون کو شدید زخم آئے‘۔

واقعے کے بعد مقامی لوگوں اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ملبے سے لاشوں اور زخمی کو نکالا اور انہیں کالام ہسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صادق آباد: اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 21 افراد جاں بحق، 85 زخمی

خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں مختلف حادثات و واقعات میں درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، 11 جولائی کو صادق آباد کے مقام پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 85 زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح اسی روز ہی اسلام آباد-پشاور موٹروے پر ٹیکسلا کے قریب مبینہ طور پر بس ڈرائیور کی غلطی 11 افراد کی جان لے گئے تھی، بس حادثے میں 46 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔