مصر کی فرعون بادشاہ کا مجسمہ واپس لانے کے لیے انٹرپول سے درخواست
فرعونوں کے 18 ویں خاندان کے نو عمر بادشاہ کے دھڑ کا مجسمہ گزشتہ ہفتے لندن میں فروخت کیا گیا تھا۔
مصری حکام نے گزشتہ ہفتے برطانیہ میں فروخت کیے جانے والے فرعونوں کے 18 ویں خاندان کے بادشاہ کے نصف مجسمے کو واپس لانے کے لیے عالمی ادارے انٹرپول سے مدد کی درخواست کردی۔
مصری حکام نے فرعونوں کی نسل کے نو عمر بادشاہ طوطن خامن کے سر کے مجسمے کی فروخت کو پہلے ہی غیر قانونی قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا یہ مجسمہ مصر سے چوری کرکے برطانیہ اسمگل کیا گیا۔
مصری حکام کی جانب سے طوطن خامن کے ٹوٹے ہوئے مجسمے کی فروخت پر اعتراض کے باوجود لندن کے معروف آکشن ہاؤس ’کرسٹیز‘ نے اسے گزشتہ ہفتے 59 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 95 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت کردیا تھا۔
یہ مجسمہ صرف طوطن خامن کے سر کا تھا اور اس متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ اسے تین ہزار سال قبل بنایا گیا تھا۔