ہم جنس پرستوں کی حمایت میں نکی مناج سعودی عرب کنسرٹ سے دستبردار
رواں ماہ جولائی کے آغاز میں خبر سامنے آئی تھی کہ فحش پرفارمنس کی ملکہ کہلائی جانے والی امریکی گلوکارہ، ریپر و موسیقار نکی مناج رواں ماہ 18 جولائی کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں پرفارمنس کریں گی۔
نکی مناج کی جانب سے سعودی عرب میں پرفارمنس کیے جانے کے اعلان کے بعد عرب سوشل میڈیا پر ملے جلے رد عمل کا اظہار دیکھا گیا تھا۔
جہاں سعودی عرب کی نوجوان نسل نکی مناج کی پرفارمنس کے اعلان سے خوش دکھائی دی تھی، وہیں خواتین اور رجعت پسند افراد نے گلوکارہ کی پرفارمنس پر اعتراض کیا تھا۔
نکی مناج کو رواں ماہ 18 جولائی سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ورلڈ فیسٹیول میں پرفارمنس کرنا تھی۔
اس فیسٹیول میں ان نکی مناج کے علاوہ امریکی ڈی جے اسٹیو اوکے، برطانوی گلوکار لیام پائن اور دیگر موسیقاروں اور گلوکاروں کو پرفارمنس کرنا تھی، تاہم اب نکی مناج اس فیسٹیول میں پرفارمنس نہیں کریں گی۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق نکی مناج نے سعودی عرب میں خواتین اور ہم جنس پرست افراد کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج کے طور پر پرفارمنس سے انکار کیا۔