وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کیلئے اسلام آباد کے ماسٹرپلان میں تبدیلی کی منظوری
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے دارالحکومت کے ماسٹر پلان میں مخصوص تبدیلی کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ 2018 میں انتخابات جیتنے سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کردیں گے۔
تاہم انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ بظاہر یونیورسٹی قائم نہیں کرسکے کیونکہ ایسا کرنے سے اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی ہوگی۔
مزید پڑھیں: ’وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی شہر کے ماسٹر پلان کی خلاف وزری ہوگی‘
اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر کے ماسٹر پلان کے مطابق سیکٹر جی-5 میں وزیراعظم ہاؤس میں تعلیمی ادارہ قائم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ سیکٹر صرف حکومت اور انتظامی عمارتوں کے لیے ہے۔
تاہم کابینہ اجلاس نے اس ماسٹر پلان کے لیے مخصوص تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام کی اجازت دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ’کابینہ نے وزریراعظم ہاؤس کی 50 ایکڑ زمین کے لیے ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دی، ہم وزیر اعظم ہاؤس میں ایک یونیورسٹی قائم کریں گے جس کا مقصد آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انجیئرنگ جیسی جدید تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی حکومت کو بتایا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی قائم کرنے کا اقدام شہر کے ماسٹرپلان کی خلاف ورزی ہوگی۔
انتظامیہ نے بتایا تھا کہ اگر وہ سرکاری عمارت میں یونیورسٹی قائم کرنا چاہتے ہیں تو شہر کا ماسٹر پلان تبدیل کرنا ہوگا۔
سی ڈی اے کے نقطہ نظر کے مطابق دارالحکومت کے ماسٹر پلان کے مطابق انتظامی معارت میں یونیورسٹی نہیں قائم کی جاسکتی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے 8 شعبے قائم کریں گے، فواد چوہدری
علاوہ ازیں وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے عمران خان سے ملاقات کی اور وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے تجویز کردہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے تجویز کردہ منصوبے پر بات چیت کی اور بتایا کہ یونیورسٹی میں ایکسیلینس کے 6 سینٹرز تعمیر کیے جائیں گے، جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، اینرجی، بائیو ٹیکنالوجی اور مٹیریل سائنسز کے لیے بھی سینٹر شامل ہیں۔
ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے وزیر اعظم سے وفاقی دارالحکومت اور صوبائی دارالحکومت میں آرٹفیشل انٹیلی جنس کے لیے دیگر 5 سینٹرز قائم کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔