کیون اسپیسی کے خلاف جنسی جرائم کا مقدمہ ختم ہونے کا امکان

امریکا کی مقامی عدالت نے عندیہ دیا ہے کہ آسکرایوارڈ یافتہ گلوکار 59 سالہ کیون اسپیسی کے خلاف جاری جنسی جرائم کا مقدمہ ختم ہوسکتا ہے۔
کیون اسپیسی کے خلاف جاری ریپ الزامات کے تحت کیس میں یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ اداکار پر جنسی ہراساں کرنے اور ریپ کے تحت سول مقدمہ دائر کرنے والے ایک شخص نے مقدمہ واپس لیا ہے۔
ایک روز قبل ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کیون اسپیسی کے خلاف ریاست میساچوٹس کی نینٹوکیٹ کاؤنٹی کی عدالت میں دائر کیا گیا مقدمہ واپس لے لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اداکار پر الزام لگانے اور مقدمہ دائر کرنے والے شخص نے رضاکارانہ بنیادوں پر مقدمہ واپس لیا۔
کیون اسپیسی پر نابالغ لڑکے کے ساتھ زبردستی کرنے کے الزام میں امریکی عدالت نے الزام بھی عائد کر رکھا ہے، تاہم اسی کیس میں ان پر تاحال فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔
اور اب اسی کیس کی تازہ سماعت کے دوران نینٹوکٹ کی ضلعی عدالت کے جج نے عندیہ دیا کہ ہولی وڈ اداکار کے خلاف ریپ کا مقدمہ ختم کیا جا سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کیون اسپیسی کے خلاف نابالغ لڑکے کے ساتھ زبردستی کیے جانے کے کیس کی سماعت کے دوران اداکار پر الزام لگانے والا لڑکا پیش ہوا، تاہم انہوں نے کیس میں گواہی دینے سے انکار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کیون اسپیسی پر الزام لگانے والے لڑکے نے دوران سماعت پانچویں ترمیم کو اختیار کیا، جو کہ کسی بھی فوجداری مقدمے میں پیش ہونے والے شخص کو گواہی دینے کے لیے مجبور کرنے سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔