بھارتی شہر جے پور سمیت 29 مقامات عالمی ورثے میں شامل
یونیسکو کے 43 ویں اجلاس میں پاکستان کا کوئی بھی مقام عالمی ورثے میں شامل نہیں کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونائٹڈ نیشنز ایجوکیشنل، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائیزیشن‘ (یونیسکو) نے بھارتی شہر جے پور سمیت دنیا کے 30 مقامات کو عالمی ورثوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔
دنیا کے تاریخی و ثقافتی مقامات کو عالمی ورثوں کی فہرست میں شامل کرنے سے متعلق یونیسکو کا 43 واں اجلاس آذربائیجان کے شہر باکو میں جاری ہے۔
یونیسکو کا یہ اجلاس 30 جون کو شروع ہوا اور رواں ماہ 10 جولائی تک یہ اجلاس جاری رہے گا۔
اجلاس کے دوران اب تک دنیا بھر کے 29 مقامات، شہروں، تفریحی مقامات اور عمارتوں کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے جب کہ امکان ہے کہ آئندہ 2 دن میں مزید 10 مقامات کو اس فہرست میں شامل کیا جائے گا۔
یونیسکو کے 43 ویں اجلاس میں اب تک پاکستان کا کوئی مقام شامل نہیں کیا گیا۔