پاکستان

کراچی سے اغوا کی گئی نوزائیدہ بچی گجرات سے بازیاب

اغوا کار خاتون نے کراچی میں موجود اپنی ایک دوست اور اس کے شوہر کی مدد سے ہسپتال سے بچی اغوا کرنے کا اعتراف کرلیا، پولیس

پنجاب پولیس نے کراچی کے عباسی شہید ہسپتال سے کچھ عرصہ قبل اغوا ہونے والے نوزائیدہ بچی کو گجرات کے علاقے ٹنڈا سے بازیاب کروا کر ایک جوڑے کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) سید علی محسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عباسی شہید ہسپتال سے نوزائیدہ بچی کے اغوا کا مقدمہ ناظم آباد پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔

مذکورہ واقعہ ہسپتال میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں (سی سی ٹی وی) میں ریکارڈ ہوا تھا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی تاہم اس میں اغٖوا کاروں کی شناخت نہیں ہوسکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے ہسپتال سے نومولود لڑکی اغوا

ڈی پی او نے بتایا کہ ٹنڈا پولیس کو اطلاع ملی کہ گاؤں قاضی چک کی رہائشی خاتون شاہ بانو آرزو جو بے اولاد تھی وہ ایک نومود بچی کے ساتھ دیکھی گئی۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے خاتون سے نومود بچی کے بارے میں پوچھ گچھ کی جس کا چہرہ اغوا شدہ بچی سے ملتا جلتا تھا۔

مزید تفتیش کے دوران اغوا کار خاتون نے کراچی میں موجود اپنی ایک دوست اور اس کے شوہر کی مدد سے ہسپتال سے بچی اغوا کرنے کا اعتراف کرلیا۔

مزید پڑھیں: نومولود بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

ڈی پی او سید محسن علی نے بتایا کہ پولیس کو بچی کراچی میں اس کے والدین کے حوالے کرنے کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


یہ خبر 8 جولائی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔