پاکستان

حکومت کا جج کی مبینہ ویڈیو کی فرانزک تحقیقات کرانے کا فیصلہ

جہاں آڈیو ویڈیو جوڑی گئی اس میڈیا ہاؤس کی نشاندہی کی جائے گی، تمام پردہ نشینوں کو بے نقاب کریں گے، فردوس عاشق اعوان

حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے پیش کردہ مبینہ خفیہ ویڈیو کی فرانزک تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سے متعلق کہا کہ حکومت مبینہ خفیہ ویڈیو کی فرانزک تحقیقات کرائے گی۔

مزید پڑھیں: 'مریم صفدر نے (ن) لیگ کی ڈوبتی کشتی بچانے کی کوشش کی'

انہوں نے مریم نواز کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کو ان کی اپنی ہی پارٹی پر خودکش حملہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز اپنے والد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے کیس میں جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لے آئی تھیں۔

مریم نواز نے بتایا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے جج نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے سے متعلق لیگی کارکن ناصر بٹ کو بتایا کہ 'نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا اور رات کو ڈراؤنے خواب آتے۔ جج نے مزید کہا کہ نواز شریف تک یہ بات پہنچائی جائے کہ ان کے کیس میں جھول ہوا ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم صفدر اعوان کی مبینہ ویڈیو صرف جج ارشد ملک پر حملہ نہیں بلکہ عدلیہ پر حملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے ذریعے اس میڈیا ہاؤس کی نشاندہی کی جائے گی جہاں ’آڈیو ویڈیو جوڑی‘ گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جعل سازی میں ملوث تمام پردہ نشینوں کو بے نقاب کرے گی۔

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات نے واضح کیا کہ ویڈیو کے موجد ناصر بٹ کے خلاف سنگین مقدمات درج ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کل ایک وارداتی ٹولہ حقائق مسخ کرکے قوم کا وقت ضائع کرنے میں مصروف رہا اور کل کی پریس کانفرنس میں اداروں کے خلاف روایتی ہیھکنڈے استعمال کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی پریس کانفرنس ’بلا تعطل نشر‘ کرنےپر چینلز کو اظہار وجوہ نوٹس

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین پرس کانفرنس میں بے چارگی کی تصویر بنے نظر آئے تاہم ’جعل ساز گروہ اور مافیا‘ اداروں کو کسی طرح بھی آزاد اور خودمختار نہیں دیکھنا چاہتے۔

شہباز شریف کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہان تھا کہ لیگی صدر پریس کانفرنس کے دوران اپنی بےچارگی کا ماتم کرتے نظر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی یتیموں کے ہتھکنڈوں سے ہمیں کوئی غرض نہیں، ہم نے ہر وہ قدم اٹھایا جس سے ملک میں استحکام آئے۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کےنام پر میثاق کرپشن پر دستخط کیے گئے تاہم ’چور مچائے شور کا بیانیہ اب نہیں چلےگا‘۔

مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں دو خاندانوں نےسیاست کو وراثت سمجھ کرتقسیم کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو رہزن کمیٹی قرار دیا۔