پاکستان

پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز، اسلام آباد، لاہور سے پروازیں روانہ

اسلام آباد میں پہلی حج پرواز کی روانگی پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، وزیر مذہبی امور نے عازمین کو حجاز مقدس روانہ کیا۔
|

حج 2019 کے لیے پاکستان نے حج آپریشن کا آغاز ہوگیا اور اسلام آباد اور لاہور سے 2 پروازیں حجاج کرام کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگئیں۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز بدھ کی صبح 4 بجکر 45منٹ پر عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی جبکہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز 361 عازمین حج کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت سے پہلی حج پرواز کی روانگی کے سلسلے میں ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے شرکت کی اور عازمین کو الوداع کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزرا نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، جس کے تحت پہلی بار ایئرپورٹ پر پاکستانی عازمین کی سعودی امیگریشن کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ: عازمین حج کیلئے امیگریشن کا خصوصی نظام نصب

واضح رہے کہ یکم جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر 'روڈ ٹو مکہ' کے تحت سعودی امیگریشن کا خصوصی نظام نصب کردیا گیا تھا سعودی امیگریشن ٹیم کو 10 خصوصی کاؤنٹرز بھی دیئے گئے تھے۔

اس منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ 22 ہزار حجاج کی بایومیٹرک امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہوگی، منصوبے کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم عمران خان 5 جولائی کو کریں گے۔

تقریب سے خطاب میں نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، منصوبہ سعودی عرب اور پاکستان کے لازوال تعلق کا مظہر ہے، وزیر اعظم عمران خان سے سعودی شہرادہ شاہ محمد بن سلمان نے کیا وعدہ پورا کیا۔

دوسری جانب حج 2019 کے لیے سرکاری اسکیم کی پروازوں کے شیڈول تیار کرلیا گیا، جس کے تحت ملک کے 10 شہروں سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

عازمین حج کو اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، سکھر، ملتان فیصل آباد، سیالکوٹ، رحیم یار خان سے پروازیں سعودی عرب پہنچائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی

کراچی سے حج کی پہلی پرواز کل( 5 جولائی کو) روانہ ہوگی، جہاں گورنر سندھ عمران اسمعیل اور پارلیمانی سیکریٹری آفتاب جہانگیر عازمین کو الوداع کریں گے۔

اس کے علاوہ پشاور سے بھی پہلی حج پرواز 5 جولائی کو روانہ ہوگی، اسی طرح 5 جولائی کو ہی سکھر سے پہلی حج فلائٹ روانہ ہوگی، جسے وفاقی وزیر نجکاری میاں محمد سومرو الوداع کریں گے۔

عازمین کو لے کر ملتان سے پہلی حج پرواز 6 جولائی کو روانہ ہوگی، جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، عامر ڈوگر اور مخدوم زین قریشی الوداع کریں گے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 7 جولائی، فیصل آباد سے 8 جولائی، سیالکوٹ سے 10 جولائی جبکہ رحیم یار خان سے 27 جولائی کو کو سعودی عرب روانہ ہوگی۔