آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار کا مسلمان دہشت گرد کا کردار نبھانے سے انکار
میوزیکل ڈرامہ فلم ’بوہیمین ریسپوڈی‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر رواں برس فلمی دنیا کا سب سے معتبر آسکر ایوارڈ جیتنے والے مصری نژاد ہولی وڈ اداکارہ ریمی ملک نے شہرہ آفاق فلم سیریز’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم میں مسلمان دہشت گرد کا کردار ادا کرنے سے انکار کردیا۔
رواں برس اپریل میں جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم بنانے والی ٹیم نے ریمی ملک کو سیریز کی 25 ویں فلم میں ولن کے طور پر کاسٹ کرنے کی تصدیق کی تھی۔
اگرچہ ریمی ملک کو کاسٹ کرنے سے قبل یہ چہ مگوئیاں بھی تھیں کہ پہلی بار جیمز بانڈ سیریز میں ایک خاتون ولن کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، تاہم بعد ازاں مصری نژاد عیسائی اداکار ریمی ملک کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی گئی تھی۔
ریمی ملک کو ولن کے طور پر کاسٹ کیے جانے کے ساتھ ہی فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ’جیمز بانڈ 007‘ کو اپریل 2020 تک ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ریمی ملک نے پہلا آسکر ایوارڈ جیت لیا
ساتھ ہی فلم کے ہدایت کار کو بھی تبدیل کرتے ہوئے کیری فوجی فکنگوا کی بطور ڈائریکٹر تصدیق کی گئی تھی۔
جیمز بانڈ کے ہیرو کا اعلان تو گزشتہ برس ہی کیا گیا تھا اور اس بار اداکار ڈینیل کریگ برطانوی جاسوس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
اس وقت جیمز بانڈ کی آنے والی فلم کی شوٹنگ لندن میں جاری ہے اور 2 دن قبل ہی فلم کے ہیرو ڈینیل کریگ کے کردار کی پہلی جھلک جاری کی گئی تھی۔
بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم 5 سال کے وقفے کے بعد ریلیز کی جائے گی، جیمز بانڈ کی 24 ویں فلم ’اسپیکٹر‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی، جب کہ اس سے پہلے 2012 میں اسی سیریز کی 23 ویں فلم ’اسکائی فال‘ ریلیز کی گئی تھی۔
جیمز بانڈ کی آخری 2 فلموں میں ایجنٹ 007 کا کردار برطانوی اداکار ڈینئل کریگ نے ادا کیا، جب کہ وہ اس کردار کو 4 بار ادا کرنے والے اداکار بھی ہیں۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی اب ریمی ملک نے انکشاف کیا ہےکہ انہوں نے فلم میں مسلمان دہشت گرد کا کردار ادا کرنے سے معذرت کرتے ہوئے ہدایت کار پر واضح کیا کہ وہ مذہب کی آڑ میں دہشت گردی کو پروموٹ نہیں کریں گے۔
برطانوی اخبار ’دی مرر‘ سے بات کرتے ہوئے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار نے بتایا کہ جیمز بانڈ میں ان کا کردار انتہائی دلچسپ ہے جو کہ منفی ہے، تاہم ان کا کردار نہایت ہی شاندار ہے۔