پاکستان

گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں، وزیراعظم

اس تجویز کو وزارت قانون کی جانب بھیج دیا گیا، قانون سازی کے لیے مسودہ تیار کرکے اسے آئندہ اجلاسوں میں پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے تجویز پیش کی ہے کہ گرفتار اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں جبکہ اس سے متعلق قانون سازی بھی کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کامبینہ کے اجلاس میں پروڈکش آرڈر، حج پالیسی اور پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورہ امریکا سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے تجویز پیش کی کہ جو اراکین اسمبلی منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس سمیت دیگر مقدمات میں گرفتار ہیں ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے جائیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

مذکورہ تجویز کو وزارت قانون کی جانب بھجوادیا گیا ہے جو اس پر قانون سازی کا مسودہ تیار کرے گا جبکہ اسے کابینہ کے آئندہ اجلاسوں کے دوران پیش کیا جائے گا۔

کابینہ نے سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والے تقریباً 6 ہزار عازمین حج کے کوٹے کی قرعہ اندازی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو اپنے رواں ماہ کے اختتام پر شیڈول دورہ امریکا کے بارے میں آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر اسپیکر آفس کے سامنے دھرنا

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ قلیل وفد امریکا جائے گا جبکہ وزیراعظم امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں قیام کریں گے۔

زبیر گیلانی کی بطور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ تقرری کی منظوری

بعد ازاں وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ کے اجلاس کے دیگر فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 'حج پالیسی 2019 کی منظوری کے ساتھ وزیر اعظم نے حج کو اسکینڈل سے پاک بنانے اور عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود پہلی حج پرواز کو رخصت کریں گے اور پاکستانی عازمین حج پہلی بار حجاز مقدس کے سفر کے لیے امیگریشن کی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کسی پریشانی کے بغیر اسلام آباد کے ہوائی اڈے سے روانہ ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے 'سینئر سٹیزن بل 2019' کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 'اولڈ ایج ہوم' قائم کیا جائے گا جسے بعد میں ملک کے دیگر حصوں تک توسیع دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اغوا اور لاپتہ ہونے والے بچوں کے اعداد و شمار اکٹھے کرنے کی تیاری کے لیے بچوں کے حقوق کے قومی کمیشن، شمالی کوریا کے ساتھ ورک ویزا کے لیے طریقہ کار وضع کرنے اور زبیر گیلانی کی سرمایہ کاری بورڈ کے نئے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کی منظوری بھی دی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو وفاقی دارالحکومت میں رہائشی اور دیگر شہری مسائل سے نمٹنے کے لیے نیا ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کالے دھن کی روک تھام کے لیے 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز منسوخ کرنے کی منظوری دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ نئے ویژن اور سوچ کے تحت پاکستان اسٹیل ملز کو بہتر بنایا جائے گا اور اسے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک عمل کی بنیاد پر چلایا جائے گا۔