دبئی کے حکمران کی اہلیہ فرار کیوں ہوئیں، حقیقت سامنے آگئی
کچھ دن قبل ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دنیا کے امیر ترین اور بااثر ترین حکمرانوں میں سے ایک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی اہلیہ شہزادی حیا زندگی کو لاحق خطرات کی وجہ سے اپنے بچوں سمیت جرمنی منتقل ہوگئیں۔
اگرچہ تاحال دبئی یا جرمنی کے حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ دبئی کے حکمران کی اہلیہ اپنے بچوں سمیت جرمنی منتقل ہوئی ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے جرمنی میں ہیں۔
رپورٹس تھیں کہ ابتدائی طور پر شہزادی حیا برطانیہ منتقل ہونا چاہتی تھیں، تاہم انہیں برطانوی حکومت پر شک تھا اس لیے وہ جرمنی منتقل ہوئیں۔
یورپی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادی حیا نے جرمنی کو سیاسی پناہ کی درخواست بھی دی تھی۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ شہزادی حیا اپنی 11 سالہ بیٹی اور 7 سالہ بیٹے کے ہمراہ جرمنی منتقل ہوئی ہیں، ساتھ ہی شہزادی کم سے کم 3 کروڑ پاؤنڈ کی خطیر رقم کے ساتھ دبئی سے منتقل ہوئی ہیں۔