سوڈان: فوجی حکمران کے خلاف مظاہرے، مزید 11 شہری جاں بحق
فوجی کونسل کے پاس ایک ہی موقع ہے کہ وہ حکومت چھوڑ کر واپس چلے جائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا، مظاہرین
سوڈان میں فوجی حکمران کے خلاف احتجاج کے دوران تصادم اور فائرنگ سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 11 شہری جاں بحق ہوگئے۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکومت کو سول افراد کے حوالے کرنے کے حق میں مظاہرہ کرنے والے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز میں جاری جھڑپوں کے دوران مختلف علاقوں میں کئی شہری زخمی بھی ہوگئے ہیں۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دیگر شہروں میں 30 جون کو مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور گزشتہ ماہ حکومت پر قبضہ کرنے والے فوجی حکمرانوں سے دست برداری کا مطالبہ کررہی تھی۔