موت کے قریب انسان کیا دیکھتے یا محسوس کرتے ہیں؟
سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں 10 فیصد افراد زندگی میں ہی اس قسم کے تجربے سے گزرتے ہیں۔
موت کے قریب انسان کیا دیکھتے ہیں یا وہ کیا کچھ دیکھتا یا محسوس کرتا ہے، اس بارے میں معلومات تو نہ ہونے کے برابر ہے، مگر اب سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں 10 فیصد افراد زندگی میں ہی اس قسم کے تجربے سے گزرتے ہیں۔
35 ممالک میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر 10 میں سے ایک ایک فرد کو قریب المرگ یا سکتے کا تجربہ ہوتا ہے جس کے دوران وہ متعدد روحانی اور جسمانی تجربات سے گزرتے ہیں، جیسے روح جسم سے باہر نکلنے، دنیا سے گزر جانے والے پیاروں کو دیکھنا، خیالات کی دوڑ اور وقت کا احساس تھم جانا وغیرہ۔
طبی زبان میں اسے نیئر ڈیتھ ایکسپیرنس (این ای ڈی) کہا جاتا ہے جو ایسے افراد میں عام ہوتا ہے جن کو زندگی کے لیے خطرہ بن جانے والے واقعات جیسے ہارٹ اٹیک، گاڑیوں کے حادثات، ڈوبنے یا جنگی حالات کا سامنا ہوتا ہے۔