پاکستان

اسلام آباد ایئرپورٹ: عازمین حج کیلئے امیگریشن کا خصوصی نظام نصب

روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین کی سہولت کے لیے سعودی امیگریشن ٹیم کو 10 کاؤنٹرز دیے جائیں گے، حکام

سعودی عرب کی حکومت کے منصوبے 'روڈ ٹو مکہ' کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کا خصوصی نظام نصب کردیا گیا اور سعودی ٹیم کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔

روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت سعودی امیگریشن نظام اسلام آباد ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں لگایا گیا ہے اور یہ نظام ایک یا دو روز میں کام شروع کر دے گا۔

اسلام آباد ایئر پورٹ میں عازمین کی سہولت کے لیے قائم کیے جانے والے نظام کو چلانے کے لیے سعودی امیگریشن ٹیم کو 10 خصوصی کاؤنٹرز بھی دیئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ سعودی امیگریشن ٹیم اپنے ساتھ میگریشن کا نظام بھی لائی تھی اور اب اس کو نصب کردیا گیا ہے تاہم اس نظام کو سعودی ٹیم اور پاکستانی حکام مل کر عازمین کا ایئرپورٹ میں امیگریشن کا عمل مکمل کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ، ای ویزا ممالک میں شامل

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی امیگریشن نظام کی تنصیب کے بعد عازمین کے سفری دستاویزات اور سامان کی چیکنگ بھی اسلام آباد ایئرپورٹ میں ہی ہوگی، اس سے قبل عازمین کو سعودی ایئرپورٹ پر امیگریشن یا سامان کی تلاش کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عازمین کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد دستاویزات اور سامان کی چیکنگ کے لیے 10 سے 12 گھنٹے تک طویل انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم اب 90 فیصد عازمین حج کسٹمز اور امیگریشن نظام کے ذریعے جائیں گے جس کی سہولت ایئرپورٹ میں دستیاب ہوگی۔

حکام کی جانب سےجاری بیان کے مطابق پاکستانی عازمین کے سامان پر ایئرپورٹ پر خصوصی ٹیگ لگائے جائیں گے اور ٹیگ کی مدد سے ہی عازمین کا سامان براہ راست سعودی عرب میں ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو حج کی ادائیگی کے لیے امیگریشن کے نظام کو مزید آسان بنانے کے لیے ‘روڈ ٹو مکہ’ منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:سعودی وفد ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے گا

اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 20 ہزار سے زائد حاجیوں کو اسلام آباد سے کلیئر کیا جائے گا اور یہ آزمائش کامیاب ہونے پر آئندہ سال لاہور اور کراچی میں بھی اس نظام کو نافذ کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں برس 11 فروری کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ روڑ ٹو مکہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر کراچی میں حاجیوں کی امیگریشن ایئرپورٹ پر ہی کرلی جائے گی اور یہ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں اگلے برس دیگر ایئر پورٹس میں بھی یہ سہولت دی جائے گی۔

قبل ازیں 21 فروری 2019 کو ترجمان وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ روڑ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پاکستان کو ای ویزا کی سہولت والے ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے جس سے پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے عمل میں بڑی سہولت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت حج نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو خط لکھ دیا ہے جس کے مطابق عازمین حج کے پاسپورٹ اب سعودی سفارت خانے کو بھجوانے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

ویزا سہولیات کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عازمین کا حج ویزا اب وزارت مذہبی امور ان کے گھروں میں پہنچائے گی اور عازمین حج اپنے ویزے کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال بھی آن لائن معلوم کرسکیں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان میں ای ویزا کے تحت کراچی کے عازمین حج کی امیگریشن کراچی میں ہی ہو جائے گی، اس کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی امیگریشن کی سہولت کی کوشش کی جا رہی ہیں۔