پاکستان

پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی رہنما قتل

سرتاج خان کو چہرے اور سینے پر گولیوں کے زخم آئے اور وہ جانبر نہیں ہوسکے، ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال

پشاور: گلہار کے علاقے میں نامعلوم افراد نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما سرتاج خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گلبہار کے علاقے میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں اے این پی پشاور کے صدر سرتاج خان شدید زخمی ہوئے۔

سرتاج خان کو انتہائی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مزید پڑھیں: اے این پی رہنما کا قتل: پی کے 78 میں انتخابات ملتوی

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق ہسپتال میں اے این پی رہنما کی لاش لائی گئی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ سرتاج خان کے چہرے اور سینے پر گولیوں کے زخم آئے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرتاج خان پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی۔

انہوں نے سرتاج خان کے قتل پر انتہائی دکھ اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ مجرمان کی گرفتاری میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ سرتاج خان پشاور سے ضلعی کونسل کے رکن تھے اور وہ اخوند آباد کے علاقے سے منتخب ہوئے تھے۔