ریپ الزامات میں سزا کاٹنے والے بل کوسبی نے درخواست دائر کردی
عمر رسیدہ اداکار پر 60 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات لگائے تھے جن پر انہیں جیل سزا سنائی گئی تھی۔
ہولی وڈ کامیڈین، پروڈیوسر و ڈائریکٹر 81 سالہ بل کوسبی نے ریپ اور جنسی جرائم کے تحت ملنے والی جیل سزا اور جرمانے کے خلاف امریکا کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی۔
بل کوسبی اس وقت جیل میں ساڑھے تین سال کی سزا کاٹ رہے ہیں، امریکی عدالت نے انہیں گزشتہ برس اپریل میں جیل اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
بل کوسبی پر کم سے کم 60 خواتین و اداکاراؤں نے کافی عرصے تک جنسی طور پر ہراساں کرنے، ریپ اور جنسی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
اگرچہ بل کوسبی پر ماضی میں بھی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے تحت عدالتوں میں سماعتیں ہوئی تھیں، تاہم وہ سزا پانے سے بچ گئے تھے۔
# یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا
لیکن 2017 میں خواتین کی جانب سے شروع کی گئی ’می ٹو مہم‘ کے بعد بل کوسبی کے خلاف ایک بار پھر خواتین سامنے آئیں اور ان کے خلاف مقدمات کا آغاز دوبارہ ہوا۔