پاکستان

ایف بی آر نے آن لائن ٹیکس پروفائل نظام متعارف کروادیا

اس نظام کے تحت 5 کروڑ 30 لاکھ افراد فیس کی ادائیگی سے اپنی بینک تفصیلات،جائیداد، یوٹیلٹی بلز تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
|

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نیشنل ڈیٹا اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی مدد سے آن لائن ایف بی آر ٹیکس پروفائل نظام متعارف کروادیا، جس کے تحت 5 کروڑ 30 لاکھ افراد بینک تفصیلات، جائیداد، یوٹیلٹی بلز اور سفری تفصیلات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

اسلام آباد میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیر مملکت برائے مالیات حماد اظہر اور نادرا حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اس نظام کو متعارف کروایا اور بتایا کہ 500 روپے کی فیس کی ادائیگی کے بعد شہری اپنی ٹیکس پروفائل دیکھ سکیں گے۔

مزید پڑھیں: بینک اکاؤنٹس میں 50 لاکھ سے زائد رکھنے والوں کی تفصیلات ایف بی آر کو موصول

شبر زیدی کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا نادرا کی مدد سے حاصل کیا گیا، کوئی بھی شخص اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور موبائل نمبر کی بنیاد پر اپنی معلومات حاصل کرسکے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آن لائن پروفائل سسٹم میں سیکیورٹی کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور کوئی شخص کسی دوسرے کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نئے دور میں داخل ہورہا ہے اور اب ٹیکس کی تشخیص (اسسمنٹ) دستیاب ڈیٹا کے علاوہ اضافی معلومات کی بنیاد پر کی جائے گی جبکہ ایک پروفائل تک رسائی کے لیے ہر مرتبہ 500 روپے چارج کیے جائیں گے۔

اس نظام کی تفصیل کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی معلومات تک رسائی چاہتا ہے تو اسے 9966 پر میسج بھیجنا ہوگا، جہاں اسے سسٹم پر رجسٹریشن کے لیے ایک کوڈ موصول ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کا سیکڑوں اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے پر غور

جس کے بعد اگلے مرحلے میں 500 روپے کی فیس ادا کرنی ہوگی اور پھر آپ اپنے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکیں گے، فیس کی ادائیگی بذریعہ ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈ اور ای سہولت کے ذریعے کی جاسکے گی۔

ایف بی آر کے مطابق یہ سسٹم شہریوں کو اپنی اس پروفائل تک رسائی کی اجازت دے گا جو حکومت پاکستان کے پاس دستیاب ان کے اثاثوں کے ایک سے زائد اعداد و شمار کے ذرائع، اخراجات اور طرز زندگی سے متعلق حاصل ڈیٹا سے تعلق رکھتی ہے۔