سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کا پہلا انڈر ڈسپلے کیمرے والا فون چند دن کی دوری پر

ایسا فون سام سنگ بھی بنانا چاہتی ہے مگر ایک چینی کمپنی اس معاملے میں سبقت حاصل کرنے والی ہے۔

اس وقت سام سنگ کی جانب سے ایسے اسمارٹ فون کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے جس میں فرنٹ کیمرا نہ ہو بلکہ اس کی اسکرین تصویر کھینچنے کا کام کرے۔

آسان الفاظ میں فرنٹ کیمرا اسکرین کے اندر دے دیا جائے مگر اس معاملے میں لگتا ہے کہ ایک چینی کمپنی سام سنگ کو پیچھے چھوڑنے والی ہے۔

رواں ماہ کے شروع میں اوپو نے ایسے نوچ فری پروٹوٹائپ فون دکھایا تھا جس میں فرنٹ کیمرا اسکرین کے اندر نصب تھا اور اب وہ اس کانسیپٹ ڈیوائس کو 26 جون کو شنگھائی میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو میں اس کمپنی نے ایک ٹیزر جاری کیا ہے جس میں پوسٹر میں فرنٹ کیمرے کو اسکرین کے اندر چھپانے کو ایک رنگ کے ذریعے ہائی لائٹ کیا گیا ہے جبکہ اس فون کو 26 جون کو متعارف کرانے کا عندیہ دیا گیا۔

اس ٹیزر میں زیادہ تفصیلات تو نہیں دی گئیں مگر یہ تو واضح ہے کہ اس کے فرنٹ پر بس اسکرین ہی ہوگی کیونکہ پنچ ہول یا پوپ اپ کیمرا جو نہیں دیا جارہا۔

تاہم ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فی الحال صرف نمائشی فون ہوگا یا صارفین اسے خرید بھی سکیں گے۔

فوٹو بشکریہ ویبو

اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں جو ٹیزر ویڈیو سامنے آئی تھی، اس کے بارے میں اوپو کے نائب صدر برائن شین نے کہا تھا کہ انڈر اسکرین کیمرا ٹیکنالوجی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس مرحلے میں انڈر ڈسپلے کیمروں کے لیے عام کیمروں جیسے نتائج فراہم کرنا بہت مشکل ہے، کیونکہ اس ٹیکنالوجی میں آپٹیکل کوالٹی کم ہوجاتی ہے، تاہم کوئی بھی نئی ٹیکنالوجی اچانک ہی پرفیکٹ نہیں ہوجاتی۔

اس طرح کی ٹیکنالوجی پر صرف اوپو ہی نہیں بلکہ ایک اور چینی کمپنی شیاﺅمی بھی کام کررہی ہے جس نے بھی اس طرح کے انڈر ڈسپلے سیلفی کیمرے والے ایک فون کا ٹیزر جون کے آغاز میں جاری کیا تھا۔

مگر اس کمپنی نے اس فون کو متعارف کرانے کی تاریخ کا فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔