ہانگ کانگ میں مظاہرے، چیف ایگزیکٹو نے عوام سے معافی مانگ لی
ہانگ کانگ میں مجرموں کی حوالگی سے متعلق بل کے خلاف لاکھوں افراد نے لگاتار دوسرے اتوار احتجاج کیا جس کے باعث چیف ایگزیکٹو کیری لام نے عوام سے مانگ لی۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ میں لاکھوں افراد نے بڑے ہجوم کی صورت میں کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا اور چیف ایگزیکٹو کیری لام کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ عوام کی جانب سے غم و غصے اور شدید احتجاج کے بعد کیرم لام مجرمان کی حوالگی سے متعلق مجوزہ بل پر بحث منسوخ کرنے پر مجبور ہوگئی تھیں۔
ہانگ کانگ کی پارلیمنٹ جانے والے راستوں پر لاکھوں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ اتوار کے مظاہرے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جس میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔
مزید پڑھیں: ہانگ کانگ: ملزمان کی حوالگی کے قانون کے خلاف لاکھوں افراد کا احتجاج
کیرم لام کے دفتر سے جاری بیان میں اعتراف کیا گیا کہ انتتظامیہ کی جانب سے بِل پیش کرنے اور اس سے متعلق معاملات سنبھالنے کی وجہ سے کئی تنازعات نے جنم لیا اور اکثر شہری پریشان اور مایوس ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’چیف ایگزیکٹو شہریوں سے معذرت خواہ ہیں اور تنقید کو سنجیدگی سے قبول کرتی ہیں‘۔
قبل ازیں ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کی جانب سے غیرمعینہ مدت تک بِل منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔