بھارت کا اگلے ماہ چاند پر خلائی مشن بھیجنے کا اعلان
اگر بھارت کا مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو وہ چاند پر پہنچنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔
بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن(اسرو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجے گا۔
یہ دوسرا موقع ہوگا کہ بھارت اپنا خلائی مشن چاند پر بھیجے گا اور اگر اس بار انڈیا کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو چاند پر پہنچنے والا بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔
اس مشن سے قبل بھارت نے 2008 میں بھی چاند پر خلائی مشن بھیجا تھا، تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اب بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے اور سائنسدانوں کو یقین ہے کہ اس بار بھارت اپنے مشن میں کامیاب جائے گا۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرا اپنا دوسرا خلائی مشن آئندہ ماہ 15 جولائی کی شب کو چاند پر بھیجے گا۔
بھارت نے چاند پر بھیجے جانے والے دوسرے مشن کو ’چندریان 2‘ کا نام دیا ہے۔