پاکستان

مشتاق سکھیرا وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے سے فارغ

حکومت نے سابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا کی تعیناتی کا نوٹیفکشن واپس لے لیا، وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
|

حکومت نے سابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا کو وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے سے ہٹادیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور اقتدار میں سابق آئی جی پنجاب پولیس کو 31 اگست 2017 کو وفاقی ٹیکس محتسب مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس:سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد

بتایا گیا کہ حکومت نے مشتاق احمد سکھیرا کو وفاقی ٹیکس محتسب تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

نمائندہ ڈان کے مطابق حکومت کی جانب سے مذکورہ اقدام کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ایک آئینی عہدہ ہے اور مشتاق احمد سکھیرا کی تعیناتی 4 برس کے لیے تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد سکھیرا کی ملازمت کا دورانیہ 2021 میں پورا ہونا تھا۔

مزیدپڑھیں: آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا 30 سالہ خدمات کے بعد ریٹائر

مشتاق احمد سکھیرا مسلم لیگ (ن) کے دور میں آئی جی پنجاب پولیس رہے اور ریٹائرڈ ہونے کے بعد انہیں وفاقی ٹیکس محتسب کا عہدہ دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مشتاق احمد سکھیرا کو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے قریبی مراسم کی بنیاد پر ہٹایا گیا۔

اس ضمن میں کہا گیا کہ ’مشتاق احمد سکھیرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے بعد منظوری کے لیے صدر کو ارسال کردیا گیا ہے جہاں سے منظوری کے بعد ہی انہیں باقاعدہ عہدے سے ہٹادیا جائے گا‘۔