نیب کی ٹیم زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچی —فوٹو: ڈان نیوز
نیب حکام اگلے روز سابق صدر کو احتساب عدالت میں پیش کریں گے جہاں ان کا جسمانی ریمانڈ طلب کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، اسے تھکائیں گے، آصف زرداری
آصف علی زرداری اور ان کی بہن کورٹ کے فیصلے سے قبل ہی احاطہ عدالت سے چلے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے سابق صدر کی گرفتاری کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن میں سے ایک زرداری ہاؤس جبکہ ایک پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زرداری ہاؤس میں نیب کی ٹیم کو سابق صدر کی گرفتاری میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نیب آصف علی زرداری کو ہراساں کر رہا ہے، شازیہ مری
ادھر قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن اسمبلی شازیہ مری نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’نیب آصف زرداری کو جس طرح ہراساں کررہا ہے، آپ دیکھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے منہ بند کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا حکومتی اراکین پر نیب ریفرنسز دائر نہیں ہیں؟ تو پھر ان اراکین کو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا؟
پیپلز پارٹی کے دیگر اراکین اسمبلی اپنے خطاب میں آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
پارٹی اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے، مصطفیٰ نواز کھوکھر
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ ’آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا پیغام سناتے ہوئے کہا کہ ’جیالے مشتعل نہ ہوں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔‘
ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کا کہنا تھا کہ نیب کی اس کارروائی سے حکومتی ناکامیاں نہیں چھپ سکتیں۔
پتہ نہیں گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدالتی فیصلے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’پتہ نہیں نیب کو آصف علی زرداری کی گرفتاری کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری باقاعدگی سے نیب میں پیش ہوتے رہے اور وہ نیب کے سوالات کا جواب بھی دیتے رہے۔
’ گرفتاری عمران حکومت گرنے کی بنیاد ہوگی‘
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور کارکنان نے پارٹی کے شریک چیئرمین کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہونا شروع ہوگئے جبکہ لاہور میں اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
پی پی پی کے ایک کارکن عزیز الرحمٰن چن نے مظاہروں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرے بھرپور ہوں گے، اس کے لیے کمیٹیاں بنادی گئی ہیں جبکہ مظاہروں کی جگہ پر ذمہ داران کی ڈیوٹیاں بھی لگادی گئی ہیں۔
پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے نیب کے ذریعے آصف زرداری کو گرفتار کروانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ اپنی حکومت کے خاتمے کی بنیاد ہوگی۔