'ہواوے پر پابندی خود امریکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے'
گوگل نے خبردار کیا ہے کہ ہواوے پر پابندی خود امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ماہ چینی کمپنی ہواوے پر پابندیوں کا اطلاق ہوا تھا (جس پر ابھی 3 ماہ کے لیے ریلیف دیا گیا ہے)، مگر گوگل نے خبردار کیا ہے کہ یہ پابندی خود امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
ہواوے کو بلیک لسٹ کیے جانے کے نتیجے میں امریکی کمپنیوں نے ہواوے سے کاروباری تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور گوگل نے بھی اینڈرائیڈ لائسنس منسوخ کیا تھا، جس کو امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے پابندیوں کو 3 ماہ تک موخر کرنے پر دوبارہ بحال کردیا گیا۔
اب فنانشنل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں گوگل ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ سرچ انجن کو ڈر ہے کہ امریکی پابندی کے نتیجے میں وہ ہواوے فونز میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ نہیں کرسکے گا، جس کے نتیجے میں چینی کمپنی اپنا آپریٹنگ سسٹم تیار کرے گی۔