لائف اسٹائل

سشمیتا سین پردہ اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

وہ آخری مرتبہ 2010 کی بولی وڈ فلم ’نو پرابلم‘ میں کام کرتی نظر آئیں تھیںاور اب ایک بار واپسی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

بولی وڈ اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین کافی عرصے سے پردہ اسکرین سے غائب ہیں مگر اب ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک بار پھر واپسی کے لیے تیار ہیں۔

وہ آخری مرتبہ 2010 کی بولی وڈ فلم ’نو پرابلم‘ میں کام کرتی نظر آئیں تھیں، جس کے بعد وہ 2015 ایک بنگالی فلم میں بھی جلوہ گر ہوئیں، مگر صاف ظاہر ہے وہ بیشتر افراد نے نہیں دیکھی تھی.

بس گزشتہ سال یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ کسی نیٹ فلیکس پراجیکٹ کا حصہ بن سکتی ہیں اور اب لگتا ہے کہ انہوں نے اس کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں سشمیتا سین نے طویل وقفے کے بعد واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے لکھا 'میک اپ، ہیئر، لائٹ اور آئینہ، راؤنڈ 2، میں واپسی کی تیاری کررہی ہوں'۔

تاہم اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ کس فلم یا آن لائن سیریز سے واپسی کررہی ہیں۔

43 سالہ اداکارہ اتنے برسوں میں کافی حد تک میڈیا کی نظروں سے دور رہیں مگر گزشتہ سال وہ اس وقت شہ سرخیوں کا حصہ بنیں جب انہوں نے خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات استوار کیے۔

پہلے اس حوالے سے افواہیں اور مختلف رپورٹس سامنے آتی رہیں اور پھر اداکارہ نے خود اس بارے میں ایک انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت کی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں واضح کیا کہ اس وقت ان کے اور ماڈل کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہیں۔

پوسٹ میں سشمیتا سین نے لکھا کہ انہیں اپنی اور روہمن شال کی شادی سے متعلق خبروں کا پتہ چلا، جن میں کوئی صداقت نہیں۔

سشمیتا سین نے واضح کیا کہ وہ فوری طور پر شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں، ان کی شادی سے متعلق وائرل ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

فوٹو بشکریہ سشمیتا سین انسٹاگرام پیج

تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں خود سے 15 سال کم عمر ماڈل سے تعلقات کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ ان دنوں روہمن کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔

اداکارہ نے اگرچہ ماڈل سے تعلقات کا اعتراف کیا اور فوری شادی کی خبروں کو مسترد کیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ مستقبل میں کب تک شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا۔

سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک’ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 40 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، اسٹار اسکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔

سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔