جے زی دنیا کے پہلے ارب پتی ریپر
جے زی کی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ ان کے شراب کے کاروبار سے ہوا، امریکی جریدہ
امریکی گلوکار، ریپر، لکھاری، فیشن ڈزائنر، موسیقار اور کاروباری شخص جے زی نے پہلے ارب پتی ہپ ہاپ ریپر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
شہرہ آفاق امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے جے زی کی مجموعی ملکیت ایک ارب امریکی ڈالر قرار دیتے ہوئے انہیں پہلا ارب پتی ریپر قرار دیا ہے۔
جے زی معروف گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں اور ان دونوں کی مشترکہ دولت گذشتہ کئی سال سے ایک ارب امریکی ڈالر تھی، تاہم اب تنہا گلوکار کی مجموعی دولت کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
’فوربز‘ کے مطابق جے زی کی مجموعی دولت ان کی میوزک کی کمائی، پرتعیش گھروں، شراب کی مصنوعات اور ان کی جانب سے میوزک، انٹرٹینمنٹ اور دیگر شعبہ جات میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے ہونے والی کمائی پر مشتمل ہے۔
جے زی کو سب سے زیادہ دولت شراب کے کاروبار سے ملی اور ان کے شراب کے کاروبار کی مالیت 31 کروڑ ڈالر تک ہے۔