میرا پاکستانی فلم انڈسٹری کی ملکہ ہیں، ریما
اداکار میرا رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’باجی‘ میں کئی ماہ کے وقفے کے بعد بڑی اسکرین پر جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
’باجی‘ شوبز انڈسٹری کی ایک ایسی خاتون سپر اسٹار کی کہانی ہے جس کا ڈھلتی عمر کے ساتھ زوال شروع ہوجاتا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار میرا نے ہی ادا کیا ہے جو فلم میں شمیرا نامی اداکارہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو جوانی کے وقت اپنے عروج پر ہوتی ہیں لیکن محض 10 سال کے اندر ہی ان کا زوال شروع ہوجاتا ہے۔
اداکارہ میرا اور ’باجی‘ فلم کی ٹیم ان دونوں فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں فلم کی ٹیم اداکارہ میرا کے شو ’باران رحمت‘ میں بھی شامل ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'باجی' ڈھلتی عمر کی ادکارہ کے عروج اور زوال کی کہانی
پروگرام میں میرا نے نہ صرف فلم ‘باجی‘ کے حوالے سے بات کی بلکہ انہوں نے پوری فلم انڈسٹری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں ابھی تک اچھے پروڈیوسرز اور سرمایہ کاروں کی کمی ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اگرچہ پاکستان فلم انڈسٹری میں گزشتہ کچھ عرصے میں اچھی فلمیں بنی ہیں، تاہم مجموعی طور پر شوبز انڈسٹری میں اچھے ہدایت کاروں کی کمی ہے۔
میرا کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں دنیا کی دیگر فلم انڈسٹریوں کے مقابلے لوگ ایک دوسرے کو سپورٹ نہیں کرتے۔
پروگرام کے دوران ریما نے اداکارہ میرا کی خدمات اور اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کی ملکہ قرار دیا۔
پروگرام میں ’باجی‘ کی اداکارہ آمنہ الیاس نے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ شوٹنگ کے دوران انہیں اداکارہ میرا سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے قبل میرا اور فلم کی دیگر ٹیم سے خوف زدہ تھیں، تاہم دوران شوٹنگ انہیں ساتھی اداکاروں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔