خدشہ ہے کہ کنگنا رناوٹ ’ریپ‘ کا الزام عائد کردیں گی، ادیتیا پنچولی
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار ادیتیا پنچولی نے ممبئی پولیس کو شکایت کی ہے کہ اگر پولیس نے فوری طور پر اداکارہ کنگنا رناوٹ کے خلاف کارروائی نہیں کی تو وہ مصیبت میں پھنس سکتے ہیں۔
ادیتیا پنچولی نے پہلے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات لگانے پر کنگنا رناوٹ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔
تاہم اب اداکار نے ممبئی پولیس کو ایک بار پھر شکایت کی ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ ان پر ’ریپ‘ کا الزام لگا دیا جائے گا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ادیتیا پنچولی نے ممبئی کو ورسووا پولیس تھانے میں جمع کرائی گئی تازہ شکایت میں کہا ہے کہ اگر پولیس نے ان کی شکایت پر عمل نہیں کیا تو وہ مصیبت میں پھنس سکتے ہیں۔
ادیتیا پنچولی نے پولیس کو کی گئی شکایت میں کہا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ کنگنا رناوٹ ان پر ’ریپ‘ کا الزام عائد کردیں گی۔اداکار کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ اگر انہوں نے کنگنا رناوٹ کے خلاف دائر کیا گیا ہتک عزت کا مقدمہ واپس نہیں لیا تو انہیں اداکارہ جھوٹے الزام میں پھنسا سکتی ہیں۔