11 سال بعد پاکستان کیلئے برٹش ایئرویز کا فلائٹ آپریشن بحال
برطانوی ایئرلائن برٹش ایئر ویز کا فلائٹ آپریشن 11 سال بعد پاکستان کے لیے بحال ہونے کے بعد پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی۔
برٹش ایئرویز کی پرواز BA261، بوئنگ طیارے 787 میں 200 سے زائد مسافروں کو لے کر آج (بروز پیر) صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچی۔
شیڈول کے مطابق برٹش ایئر ویز کی ہفتہ وار 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن اور لندن سے اسلام آباد چلائی جائیں گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کامرس عبدالرزاق، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ایشن ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر عہدیداران نے مسافروں کا استقبال کیا۔
برٹش ایئر ویز کی پرواز کی آمد کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اس موقع پر پولیس، کوئیک رسپانس فورس یونٹ اور اسنائپرز سمیت 600 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔