شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا ایک اور حملہ، سپاہی شہید
شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی پیٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ اور بم حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 26 سالہ سپاہی امل شاہ شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے، 2 اہلکار شہید
بیان میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، گذشتہ ایک ماہ کے دوران علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 5 اہلکار شہید اور 31 زخمی ہوچکے ہیں۔
مذکورہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے تانے بانے 26 مئی کو خرکمر چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے سے ملتے ہیں۔
26 مئی 2019 کو پاک فوج کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں بویا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک گروہ نے محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دھماکا، 3 لیویز اہلکار شہید، ایک زخمی
آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق خرقمر چیک پوسٹ پر حملے کا مقصد ایک روز گرفتار کیے جانے والے مبینہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔
خیال رہے کہ چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 10 زخمی ہوئے تھے۔