لوک سبھا انتخابات جیتنے والے اداکار و کرکٹر نئی کابینہ میں جگہ بنانے میں ناکام
نریندر مودی کی پارٹی کی جانب سے 7 شوبز شخصیات اور ایک کرکٹر لوک سبھا انتخابات میں کامیاب ہوا تھا۔
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دوسری مدت کے لیے 30 مئی کو نئی حکومت تشکیل دی تھی۔
اس بار بھی نریندر مودی وزیراعظم بنے جب کہ ان کی پارٹی کے صدر امت شاہ کو پہلی بار وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔
اسی طرح گزشتہ دور حکومت کے اہم وزرا اس بار حکومتی سیٹ اپ میں شامل نہیں ہیں، جو سابق وزرا اس بار حکومت میں شامل نہیں ان میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے افراد شامل ہیں۔
اس با راجناتھ سنگھ کو وزیر دفاع جب کہ ایس جے شنکر کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔
نریندر مودی کی حکومت میں مجموعی طور پر 30 وفاقی وزرا، 24 ممکتی وزیر اور 9 خودمختار مملکتی وزیروں کو شامل کیا گیا ہے، امکان ہے کہ مزید کچھ وزیروں اور ممکلتی وزیروں کو شامل کیا گیا جائے گا۔