پاکستان

حکومت نے عید سے قبل پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کردیں

پیٹرول کی نئی قیمت 112 روپے 68 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 126 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
|

وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کردیا۔

وزارت خزانہ سےجاری اعلامیے کے مطابق حکومت نے جون 2019 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پچھلی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 53 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی، تاہم حکومت نے 4 روپے 26 پیسے اضافے کی اجازت دیتے ہوئے نئی قیمت 112 روپے 68 پیسے مقرر کردی ہے۔

اوگرا کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 99 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم 4 روپے 50 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی اور نئی قیمت 126 روپے 82 پیسے ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات 9 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 69 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 68 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کی نئی قیمت بالترتیب 98 روپے 46 پیسے اور 88 روپے 62 پیسے ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے 30 جون تک ہوگا۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ کے شروع میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

اوگرا نے گزشتہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 38 پیسے اضافے کی سمری ارسال کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے9 روپے 42 پیسے اضافے کی منظوری دی جس کے بعد پیٹرول 108 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت 14 روپے بڑھانے کی سفارش

حکومت نے گزشتہ ماہ اوگرا کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے فی لیٹر قیمت 122 روپے 32 پیسے مقرر کی تھی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ حکومت نے بھی مہنگائی زیادہ ہونے کے تاثر کو تسلیم کیا تھا۔