او آئی سی سربراہ اجلاس: وزیراعظم سے افغان، مصری صدور کی ملاقاتیں
وزیر اعظم عمران خان سے افغانستان کے صدر اشرف غنی اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس کے دوران سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک۔ افغان دوطرفہ تعلقات، افغان مفاہمتی عمل اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے پرامن اور پائیدار افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں سیاسی حل کے لیے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ صدر اشرف غنی کا اگلا دورہ پاکستان سیاسی، سیکیورٹی، اقتصادی اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر مزید توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
قبل ازیں مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے وسیع تر دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، جبکہ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں رہنماﺅں نے تمام شعبہ جات میں جامع تعاون کے فروغ اور دوطرفہ سیاسی رابطوں اور تبادلوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج مکہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے 14ویں سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی میزبانی میں ہونے والی سربراہ کانفرنس کا موضوع 'مکہ مکرمہ اجلاس: مستقبل کی جانب ہم قدم' ہے۔
مزید پڑھیں: 'وزیراعظم او آئی سی کے 14ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے'
یہ اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر یکساں موقف اپنانے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی اور وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا اور امت مسلمہ اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے کے دوران مدینہ منورہ آمد پر روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبوی ۖ میں نوافل ادا کیے۔