سگ گزیدگی روکنا آسان لیکن اختتام خوفناک - یہ حکومتی ریڈار پر کیوں نہیں؟
سگ گزیدگی قابل علاج ہے اور اس کی دوائیں بھی موجود ہیں، لیکن آگاہی نہ ہونے پر سیکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
آنسوؤں سے تر آنکھوں کے ساتھ درد میں کراہتے ہوئے 13 سالہ محمد افضل کو دو افراد نے مضبوطی سے تھاما اور سگ گزیدگی (کتے کے کاٹنے) کے باعث دائیں ہاتھ کی کلائی میں ہونے والے زخم کے اندر ایک نرس نے انسدادِ ریبیز ویکسین (اے آر وی) کا انجکشن لگادیا۔
اس سے قبل اس کے ہاتھ پر ریبیز امینوگلوبولین (آر آئی جی) دوا لگائی گئی تھی جو تیزی سے اثر کرنے والی ایسی دوا ہے جو جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر ریبیز سے محفوط رکھنے کے لیے دی جاتی ہے۔
کتے کے کاٹنے کے ایک ہفتے بعد وہ اپنے بڑے بھائی کے ساتھ کراچی کے انڈس ہسپتال میں موجود تھا جہاں پہلی مرتبہ اس کے زخم کو پیشہ ورانہ طبی امداد ملی۔