پاکستان

کوئٹہ: امام بارگاہ میں خودکش حملے کی کوشش ناکام

حملہ آور نے 12 سے 15 کلو دھماکا خیز مواد سے بھری خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی، ذرائع بم ڈسپوزل اسکواڈ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر ناصرالعزاء امام بارگاہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، کوئٹہ، رزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور امام بارگاہ باصر العزاء میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جہاں پولیس اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی جس میں وہ ہلاک ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'خودکش بمبار زنانہ لباس میں حملہ کرنے آیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نے پولیس پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتال پہنچادیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مستونگ میں کالعدم تنظیم کے 9 ’دہشت گرد‘ ہلاک

بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آور سے 12 سے 15 کلو دھماکہ خیز مواد سے لیس خود کش جیکٹ بر آمد ہوئی۔

امام بارگاہ ناصر العزاء — فوٹو: ڈان نیوز

پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا تاہم تاحال کسی بھی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ امام بارگاہ کوئٹہ شہر کے درمیان میں واقع ہے اور ماضی میں بھی اس پر حملہ ہوچکا ہے۔

حملے کے بعد کوئٹہ شہر اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کی مخالفت

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے خود کش حملہ ناکام بنانے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پولیس فورس کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل نے جراؑت کا مظاہرہ کر کے بہت سی قیمتی جانوں کو بچایا۔

انہوں نے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے والے بلوچستان کانسٹیبلری کے زخمی جوان کے لیے 10لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند کا اعلان بھی کیا۔

ان کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرائض کی ادائیگی کے دوران الرٹ رہنا باعث اطمینان ہے۔