بیان کے مطابق کسی بھی زیربحث موضوع کی طرح اس حوالے سے بھی تصورات، غلط فہمیوں اور ناقص معلومات کا پھیلاﺅ کافی زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے صارفین میں پائی جانے والی تشویش کو کم کرنے کے لیے چند اہم سوالات کا جواب دیا ہے۔
تاکہ صارفین کو معلوم ہوسکے کہ ان کے ڈیوائسز کس حد تک امریکی پابندی سے متاثر ہوسکتی ہیں۔
کیا امریکی پابندی سے ہواوے ڈیوائس کام کرنا بند کردے گی؟
اس حوالے سے ہواوے فونز استعمال کرنے والے لوگوں میں کافی الجھن پائی جاتی ہے کہ اس پابندی کے نتیجے میں ان کے فون کام کرنا نہ بند کردیں، تاہم کمپنی کے مطابق ایسا بالکل نہیں ہوگا اور فون دیگر فونز کی طرح معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے، اس بارے میں کمپنی نے اپنے پبلک بیان پہلے یہ کہا تھا 'ہواوے سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور آفٹر سیلز سروسز کی فراہمی تمام موجود ہواوے اور آنر فونز اور ٹیبلیٹ کے لیے جاری رکھے گی، ان میں وہ تمام مصنوعات شامل ہیں جو فروخت ہوچکی ہیں اور وہ بھی جو تاحال اسٹاک میں موجود ہیں'۔
کیا فونز معمول کے مطابق اپ ڈیٹ ہوں گے؟
ہواوے کے تمام فونز جو فروخت ہوچکے ہیں یا ابھی اسٹورز میں رکھے ہیں، ان کو اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور گوگل پلے اسٹور سے گوگل ایپ اپ ڈیٹس ملتی رہیں گی، اس بارے میں گوگل نے چند روز پہلے یہ بیان دیا تھا 'ہم امریکی حکم کی پابندی کریں گے، ہواوے کی موجودہ ڈیوائسز کے ہمارے صارفین کے لیے ہماری سروسز، گوگل پلے اور گوگل پلے پروٹیکیٹ کے سیکیورٹی تحفظ کی فراہمی جاری رہے گی'۔
یعنی ہواوے کی موجودہ ڈیوائسز کو پلے اسٹور اور اینڈرائیڈ پر سیکیورٹی اپ ڈیٹس تک مکمل رسائی ملتی رہے گی۔