پاکستان

'چیئرمین نیب اپنے دفتر کا غلط استعمال کر رہے ہیں'

چیئرمین نیب سیاستدانوں اور صنعتکاروں کے خلاف استعمال ہورہے ہیں، جس سے پاکستانی صنعت کو نقصان پہنچ رہاہے، آصف علی زرداری
|

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی متنازع ویڈیو کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے چیئرمین نیب کی متنازع ویڈیو پر پوچھے گئے ایک سوال پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب سے متعلق ہمارا ایک ہی دعویٰ ہے کہ وہ اپنے دفتر کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ چیئرمین نیب سیاستدانوں اور صنعتکاروں کے خلاف استعمال ہورہے ہیں اور وہ پاکستان کی صنعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'چیئرمین نیب کے انٹرویو کا مقصد اگر سیاست کو بدنام کرنا تھا تو وہ پورا ہوگیا'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2 لوگ ہیں ان کے اپنے معاملات ہیں، تاہم انہوں نے ان افراد کے نام نہیں بتائے۔

خیال رہے کہ آصف زرداری، ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو اور ہمشیرہ فریال تالپور کے علاوہ پی پی پی کے کئی رہنماؤں کے خلاف مختلف کیسز میں نیب کی تحقیقات جاری ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے ایک ویڈیو چلائی گئی تھی جسے چیئرمین نیب سے منسوب کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس میں انہوں نے ایک خاتون سے بات چیت کرتے ہوئے کچھ نازیبا جملے کہے، جس کے بعد چینل نے ویڈیو پر معذرت بھی کی تھی۔

مذکورہ الزامات کو نیب نے مسترد کیا تھا جبکہ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ویڈیو نشر کرنے پر نجی چینل کو نوٹس جاری کردیا تھا، جس کے بعد ملک کی سیاست میں مزید ہلچل نظر آئی اور اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین نیب کی متناع ویڈیو پر حکومت سے مختلف قسم کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: چیئرمین نیب سمیت متعدد افراد کو 'بلیک میل کرنے والے گروہ' کے خلاف ریفرنس دائر

ان مطالبات میں چیئرمین نیب کی متنازع ویڈیو کی پارلیمانی تحقیقات اور اس وقت تک ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

نیب چیئرمین اپنا اخلاقی جواز کھو چکے، فرحت اللہ

اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر سیاستدان فرحت اللہ بابر نے کہا تھا کہ بعض چینلز نے خبر چلائی ہے کہ آصف زرداری آج ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے، جن میں صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے کبھی بھی مقدمات کا سامنا کرنے سے گریز نہیں کیا، اور الزام لگایا کہ جھوٹی خبر کا مقصد کارکنوں کے حوصلے پست کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی نیب دفتر میں پیشی، پارٹی کارکنان کی ہنگامہ آرائی

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں اور پارٹی کے کارکنوں کو زبردستی زرداری ہاؤس کے نزدیک جانے سے روکا جا رہا ہے۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ جیالے کبھی ان ہتھکنڈوں سے نہ پہلے اور نہ اب خوف زدہ ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب اور ان کے چیئرمین دونوں اپنا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، اب ان کی باتوں کو کوئی اہمیت نہیں ملے گی۔