لائف اسٹائل

ماضی کا مقبول ڈرامہ ’داستان‘ آن لائن ریلیز

تقسیم برصغیر اور دو پیار کرنے والوں کی کہانی پر مبنی مقبول ڈرامے کو پہلی بار 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ایک دہائی قبل بننے والے ماضی کے مقبول رومانوی تاریخی ڈرامے ’داستان‘ کو جو شائقین ٹی وی پر نہیں دیکھ سکیں گے ان کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اس ڈرامے کو اب یوٹیوب پر دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، نجی ٹی وی چینل ’ہم ٹی وی‘ کے 2010 کے مقبول ڈرامے ’داستان‘ کو ٹی وی چینل نے اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کردیا۔

فواد خان، صبا قمر، احسن خان اور صنم بلوچ جیسی کاسٹ پر مبنی اس کامیاب ڈرامے کو پہلی بار 2010 میں ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔

ڈرامے نے کہانی کی وجہ سے شہرت حاصل کی تھی اور اسے پاکستان کے علاوہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی پسند کیا گیا تھا۔

ڈرامے کی کہانی تقسیم برصغیر کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے کے مرکزی کردار بانو اور حسن ہوتے ہیں۔

بانو کا کردار صنم بلوچ جب کہ حسن کا کردار فواد خان نے نبھایا ہے، دونوں متحدہ ہندوستان کے شہر لدھیانہ میں رہتے ہیں جو اس وقت بھارتی ریاست پنجاب کا ایک شہر ہے۔

ڈرامے کے دوران حسن الگ وطن یعنی پاکستان کی جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ بانو کا خاندان الگ ملک کے خلاف ہوتا ہے اور اس اہم اختلاف کی وجہ سے دونوں ایک نہیں ہوپاتے اور بعد ازاں حسن نئے بننے والے ملک پاکستان چلے آتے ہیں۔

ڈرامے کی کہانی رضیہ بٹ کے ناول سے ماخوذ ہے اور اسے سمیرا افضل نے لکھا ہے، اس کی ہدایات حسام حسین نے دی ہیں۔

ڈرامے کو یوٹیوب پر نشر کرنے کا اعلان ہم ٹی وی کی جانب سے فیس بک پر کیا گیا۔