پاکستان

روپے کی قدر میں اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.5 روپے سستا

اوورسیز پاکستانی عیدالفطر کے موقع پر اضافی رقم پاکستان بھیج رہے ہیں جس سے ڈالر کی رسد میں اضافہ ہو رہا ہے، کرنسی ڈیلرز
|

طلب میں کمی اور رسد میں اضافے کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 1.5 روپے کمی کے بعد 149.50 روپے ہو گئی۔

انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قیمت گزشتہ کاروباری روز کے 150.90 روپے کے مقابلے میں ایک روپے 30 پیسے کم ہو کر 149.60 روپے پر آگئی۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوورسیز پاکستانی عیدالفطر کے موقع پر اضافی رقم پاکستان بھیج رہے ہیں جس سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر ایک ہفتے میں 9 روپے مہنگا ہوکر 154 کا ہوگیا

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر گرنے کی دوسری اہم ترین وجہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے درآمدات کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کے قواعد و ضوابط اور شرائط کو سخت کیا جانا ہے۔

ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ڈالر کی قدر میں مزید 3 سے 4 روپے کمی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں ڈالر کی رسد میں اضافے کے ساتھ ساتھ خریداروں کی بھی ڈالر سے دلچسپی میں کمی سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈالر کا بائیکاٹ کرو‘، سوشل میڈیا پر نئی مہم

انہوں نے کہا کہ 'ڈالر کا بہاؤ بہت زیادہ ہے جبکہ مانگ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، میرا ماننا ہے کہ کرنسی ڈیلرز عید تک 50 لاکھ ڈالر تک سرپلس فی دن بینک میں جمع کروائیں گے'۔

خریداروں کی دلچسپی اس وجہ سے بھی کم ہوئی کیونکہ روپے کی قدر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 4 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔