ازبکستان کے نائب وزیراعظم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
ازبکستان کے نائب وزیراعظم علیور غنیوف اپنے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا سے ملاقاتیں کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے ہمراہ، ایک وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے، جس میں سرمایہ کاری اور بیرون ملک تجارت و ٹرانسپورٹ کے نائب وزرا سمیت اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
نائب وزیراعظم کی سربراہی میں آنے والا یہ وفد پاکستان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت متعدد وزرا اور مشیروں سے ملاقاتیں کرے گا۔
ازبک نائب وزیراعظم پاکستان میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر سے اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کی ازبک ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر زور
مذاکرات میں دو طرفہ تعاون، خطے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے ہونے کے بھی امکانات ہیں۔
خیال رہے کہ ان سے قبل ازبکستان کے وزیرخارجہ عبدالعزیز کامیلوف گزشتہ برس نومبر میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان اور ازبکستان پڑوسی ملک افغانستان میں امن مرحلے اور دہشت گردی سے لڑنے کے لیے ہم خیال ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: ازبکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت پاک-بھارت مفاہمت کا خواہاں
انہوں نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور خطے میں امن کے لیے اقدامات کو سراہا۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے دورے کے بارے میں کہا تھا کہ ’ہم نے ٹرانسپورٹ، روڈ کمیونکیشن، تجارت، معیشت اور سیکیورٹی میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بات کی ہے‘۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اپنے عوام کے فائدے کے لیے خطے میں روابط کے فروغ کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک میں سیاحت، تجارت اور سیکیورٹی میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے کئی مواقع موجود ہیں۔‘