کھیل

اظہر اپنی ٹیم سمرسیٹ کے فتح کے جشن سے کیوں بھاگے؟

سمرسیٹ نے ون ڈے کپ کے فائنل میں ہیمپشائر کو 6وکٹوں سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سمرسیٹ نے ون ڈے کپ کے فائنل میں ہیمپشائر کو 6وکٹوں سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ہیمپشائر نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 244رنز بنائے، نارتھ ایسٹ نے 56 اور فُلر نے 55 رنز کی اننگز کھیلیں۔

جواب میں سمرسیٹ نے 39گیندوں قبل ہی 4وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا، بینٹن نے 69، ہلڈریتھ نے ناقابل شکست 69 اور پاکستان کے اظہر علی نے 45رنز بنائے۔

میچ کے بعد جب سمرسیٹ کی ٹیم اپنی فتح کا جشن منا رہی تھی تو اظہر علی نے ابتدائی طور پر اس جشن میں حصہ لیا۔

تاہم انگلش ٹیموں کے جشن کے روایتی انداز سے واقف اظہر فوری طور پر وہاں سے بھاگتے ہوئے نکل گئے جس کے بعد تمام انگلش کھلاڑیوں نے اپنے انداز میں شراب پھینک کر جشن منایا۔

سوشل میڈیا پر جہاں لوگوں نے اظہر علی کے وہاں سے شراب پھینکنے سے قبل نکل جانے کو سراہا وہیں انگلش کرکٹرز کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستانی کرکٹر کی موجودگی تک احتراماً شراب نہیں اچھالی۔

یاد رہے کہ ایونٹ کے دوران اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 451رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7وکٹیں بھی لیں۔