چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق چاند کی رویت اور اس حوالے سے دیگر تفصیلات کی معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی گئی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختصر پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے پاکستان کی ویب سائٹ (http://www.pakmoonsighting.pk/) لانچ کردی گئی۔
چاند کی رویت کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، ویب سائٹ کے مطابق عیدالفطر 5 جون 2019 (بروز بدھ) ہوگی۔
اس سے قبل 20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 'قمری کیلنڈر' تیار کر لیا
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے سے متعلق معلومات ہوں گی'۔