نچلی ذات کے مزدورکی بیٹی لوک سبھا انتخابات میں کامیاب
یومیہ اجرت پر مزدور کرنے والے دلت مزدور کی 32 سالہ بیٹی نے نئی تاریخ رقم کردی۔
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا جن کے تحت بھارتی جنتا پارٹی نے سب سے زیادہ 303 نشستیں حاصل کیں۔
اسی طرح دوسرے نمبر پر کانگریس ہے جس نے 52 نشستیں حاصل کیں۔
لوک سبھا میں اس بار جہاں 22 مسلمان امدوار کامیاب ہوئے ہیں وہیں اس بار ریکارڈ تعداد میں 78 خواتین بھی کامیاب ہوئیں۔
اس بار کامیاب ہونے والی 78 خواتین میں ہندوؤں کی انتہائی نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کی بیٹی بھی کامیاب ہوئی ہے۔
جی ہاں، ریاست کیرالا کے لوک سبھا کے حلقے آلاتور سے دلت کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ رامیا ہری داس نے منجھے ہوئے سیاستدانوں کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔
دی کوئنٹ کے مطابق رامیا ہری داس ریاست کیرالا سے دلت کمیونٹی کی منتخب ہونے والی دوسری خاتون رکن لوک سبھا ہیں۔