لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ 78 خواتین ارکان کامیاب
اس بار 700 سے زائد خواتین انتخابی میدان میں اتری تھیں، کانگریس نے سب سے زیادہ خواتین کو ٹکٹ دیا تھا۔
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں 78 خواتین نے کامیابی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت میں ریکارڈ تعداد میں خواتین ارکان منتخب ہوئی ہیں، اس سے قبل 2014 میں 64 خواتین منتخب ہوئی تھیں۔
اس بار لوک سبھا انتخابات میں مجموعی طور پر 700 سے زائد خواتین نے انتخابات میں حصہ لیا تھا جس میں سے سب سے زیادہ 54 خواتین کو کانگریس نے ٹکٹ دیا تھا۔
کانگریس کے بعد خواتین کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے دوسرے نمبر پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) تھی جس نے 53 خواتین کو ٹکٹ دیے تھے۔