پاکستان

کراچی: سمندری ہواؤں کے باعث ہیٹ ویو کا خطرہ ٹل گیا

آئندہ 2 روز تک دن کے اوقات میں جنوب مغربی ہوائیں چلنے اور 27 مئی کو درجہ حرارت 39 ڈگری رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج (بروز ہفتہ) سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ 25 اور 26 مئی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ 27 مئی کو درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی کے اوپر ہائی پریشر ایریا موجود نہیں جس سے اب گرمی کی لہر درمیانی درجے کی ہوسکتی ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ایک ماہ میں دوسری مرتبہ 3 روز کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری

اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اس دوران دن کے اوقات میں شہر میں جنوب مغربی اور مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسمِ گرما کے آغاز کے بعد ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا تھا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 25 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک مرتبہ پھر ہیٹ ویو کا خطرہ

ہیٹ ویو سے متعلق جاری کیے گیے بیان میں کہا گیا تھا کہ اس دوران شہر میں دن کے اوقات میں شمال مغرب سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یکم مئی سے 3 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہونے کے ساتھ ہی موسم انتہائی گرم ہوگیا تھا، اس دوران درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 4 سال قبل 2015 میں 50 سال کی بدترین گرمی کی لہر آئی تھی جس کے نیتجے میں اس سے صرف کراچی میں 1200 سے زائد افراد جاں بحق اور 40 ہزار افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے تھے۔