اسکارلٹ جانسن نے خاموشی سے منگنی کرلی
ہولی وڈ اداکارہ اسکارلٹ جانسن نے خاموشی سے اپنی دیرینہ دوست سے منگنی کرلی اور اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی تیسری بار شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
’بلیک وڈو، اوینجرز: اینڈ گیم، فال اور نارتھ‘ سمیت درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے اور متعدد ایوارڈ جیتنے والی 34 سالہ اداکارہ اس سے قبل 2 شادیاں کر چکی ہیں۔
اسکارلٹ جانسن نے پہلی شادی کینڈین اسٹار ریان رونلڈس سے 2008 میں کی تھی، دونوں کے درمیان شادی سے 2 سال قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے اور 2007 میں منگنی کرنے کے بعد انہوں نے اگلے سال ہی شادی کی تھی۔
تاہم اسکارلٹ جانسن کی پہلی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور انہوں نے 2010 میں شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی اور 2011 میں ان کی طلاق ہوگئی۔
پہلی شادی کی ناکامی کے ایک سال بعد ہی اداکارہ نے فرانسیسی صحافی رومین ڈیوریک سے تعلقات استوار کرلیے اور 2012 میں انہوں نے شادی کرلی۔
جوڑے کے ہاں ایک بچی بھی ہوئی لیکن ان دونوں کی شادی بھی زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور 2014 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹام کروز اور اسکارلٹ جانسن کے درمیان ’عارضی تعلقات‘؟
بعد ازاں اسکارلٹ جانسن کی جانب سے دیگر چند ساتھی اداکاروں سے تعلقات استوار کرنے کی خبریں بھی آتی رہیں، تاہم ان کی تصدیق نہ ہوسکی۔
تاہم اب اداکارہ نے خاموشی سے دیرینہ دوست سے منگنی کرکے سب کو حیران کردیا۔